اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کنوارے بے چارے تو پہلے ہی سونا زیادہ مہنگا ہونے کی وجہ سے پریشان تھے اورسونا سستا ہونے کے انتظار میں بوڑھے ہوتے جا رہے ہیں جب کہ اب تبدیلی حکومت نے کنواروں کے لئے ایک اور مشکل کھڑی کر دی ہے کہ جان کر کنوارے پریشان ہو جائیں گے۔
اب شادی کرنے کے لیے بھی کورونا ویکسینیشن لازمی ہو گی، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور این سی او سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے سندھ حکومت نے نئے ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں۔ جن کے تحت اب شادی کیلئے بھی کورونا ویکسینیشن کاسرٹیفیکیٹ دکھانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ایک نوٹیفیکیش کے مطابق ٹرینوں کے سفر کیلئے ویکسین کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے جس کے بعد اب بغیر ویکسین لگوائے ٹرین میں سفر کرنا ناممکن ہو چکا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی، ہوٹل، ریستوران اور مسافر بسوں میں سفر کرنے کے لیے بھی ویکسینیشن کی شرط رکھی گئی ہے۔یہ فیصلہ عیدالاضحیٰ پر شہریوں کی ممکنہ نقل و حرکت کے تحت کیا گیا ہے۔ شادی ہالوں میں آؤٹ ڈور تقریبات میں شریک ہونے کے لیے بھی ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ جبکہ مویشی منڈی میں داخلے کے لیے بھی یہی شرط عائد کی گئی ہے۔دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 452 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 30 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔