اسلام آباد(نیوز ڈیسک) آپ کھلے میں ہوں اور اچانک بارش شروع ہو جائے تو آپ یقینا بھاگ کر قریبی ترین جگہ پر شیلٹر لینے کی کوشش کریں گے۔ ایسا ہی اس امریکی شہری نے کیا، جو بارش ہونے پر بھاگ کر اپنی گاڑی میں جا گھسا لیکن اگلے ہی لمحے ایک خوف نے اسے آ لیا ۔
کیونکہ اس کی گاڑی میں کوئی اجنبی شخص پہلے سے گھسا بیٹھا تھا۔ دی مرر کے مطابق جب اس آدمی کے اوسان کچھ بحال ہوئے تو اسے معلوم ہوا کہ وہ اجنبی اس کی گاڑی میں نہیں گھسا تھا بلکہ یہ خود غلط گاڑی میں گھس آیا تھا۔ دی مرر کے مطابق اس آدمی نے اپنا نام کیوین وائرڈو بتایا ہے اور ٹک ٹاک پر یہ مضحکہ خیز واقعہ سناتے ہوئے بتایا ہے کہ ”بارش سے بچنے کے لیے میں بھاگ کر واپس اپنی گاڑی کی طرف گیا اور دروازہ کھول کر اندر بیٹھ گیا تاہم اندر گھستے ہی میں نے دیکھا کہ ایک اجنبی شخص اندر بیٹھا میری طرف ہیبت ناک نظروں سے گھور رہا تھا ، اسے اس طرح گھورتا دیکھ کر خوف کی ایک لہر میرے جسم میں دوڑ گئی اور میں نے سوچا کہ شاید یہ شخص میری گاڑی چوری کرنے والا تھا اور اب نجانے میرے ساتھ کیا کرے گا تاہم اگلے ہی لمحے مجھے احساس ہوا کہ غلطی اس کی نہیں، بلکہ میری ہے۔ وہ میری گاڑی میں نہیں گھسا تھا بلکہ میں اس کی گاڑی میں گھس آیا تھا۔ کیوین کی یہ ویڈیو ٹک ٹاک پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جسے اب تک 10لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔