اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بالی ووڈ میں اداکارہ نوتن کے بعد ان کی بیٹی کاجول نے خوب نام کمایا تاہم نوتن کی چھوٹی بیٹی تنیشا مکھرجی کچھ خاص نام نہ کما سکیں اور فلموں اور ٹی وی پر چھوٹے موٹے کردار ہی نبھاتی نظر آئیں۔ اداکارہ کاجول نے 1999 میں سپر سٹار اجے دیوگن کے ساتھ شادی کی۔
تاہم تنیشا 43 سال کی ہونے کے باوجود بھی سنگل ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں تنیشا مکھرجی نے بتایا کہ جب وہ 39 برس کی ہوئیں تو انہیں ڈھلتی عمر اور بچے نہ ہونے کا احساس ہوا جس کے باعث انہوں نے اپنے انڈے فریز کرانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے تھوڑی رہنمائی لینے کے بعد اپنے انڈے فریز کرادیے۔ تنیشا مکھرجی کے مطابق اس سارے پراسیس میں ان کا وزن بہت زیادہ بڑھ گیا تھا جس کے بعد انہوں نے جم کر کثرت کرنا شروع کی اور یہاں تک کہ سکس پیک بنا لیے لیکن وہ زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکے۔ تنیشا مکھرجی کے مطابق خواتین کیلئے سکس پیکس برقرار رکھنا موت کے منہ میں جانے کے مترادف ہے کیونکہ چربی کی مقدار کو انتہائی کم سطح پر لے کر جانا خواتین کیلئے نہ تو ممکن ہے اور نہ ہی ان کی صحت کیلئے اچھا ہے۔ دوسری جانب بالی ووڈ کے معروف کامیڈین راجپال یادیو نے فلم انڈسٹری کیلئے اپنے نام میں تبدیلی کرلی۔ ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں راجپال یادیو نے کہا کہ انہوں نے اپنے باپ کے نام کو اپنے نام کا حصہ بنالیا ہے۔ ان کے والد کا نام ہمیشہ سے ان کے پاسپورٹ پر تھا لیکن اب یہ فلم سکرین پر بھی نظر آیا کرے گا۔ اداکار کے مطابق ان کا پیدائشی نام راجپال گورنگ یادیو ہے لیکن فلموں میں وہ راجپال یادیو کے نام سے مشہور ہیں۔ وہ اپنے 24 سالہ کریئر میں 200 سے زائد فلمیں کرچکے ہیں لیکن کبھی ان کے باپ کا نام سکرین پر نظر نہیں آیا۔