اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب کسی نجی تقریب میں پروٹوکول او ر سکیورٹی کے حصار میں نہیں جائیں گے اور عوام کو مغلوب کرنے والی اس نوآبادیاتی میراث کو ختم کر دیں گے ۔ سوشل میڈیا پر اپنی ٹویٹس میں وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے لکھا
کہ ”ٹیکس دہندگان کی رقم اور عوام کو تکلیف سے بچانے کیلے میں پروٹوکول اور سیکیورٹی کے ساتھ کسی نجی تقریب میں نہیں جاؤں گا۔ میں یہ فیصلہ کرنے کے لئے وزراء ، گورنرز اور پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ کے پروٹوکول اور سیکیورٹی کا بھی جائزہ لے رہا ہوں تاکہ ہم اخراجات کو کم سے کم اور عوامی تکلیف کو ختم کر سکیں۔ ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے لکھا کہ ”آئندہ ہفتے کابینہ اس سلسلے میں ایک جامع پالیسی پر فیصلہ کرے گی۔ ہم لوگوں کو مغلوب کرنے کے لئے استعمال کئےجانے والے آداب اور وقار کی نوآبادیاتی میراث کو ختم کردیں گے“۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر سماعت کے دوران کورٹ روم میں مریم نواز کی ویڈیو بنانے والے شخص کا موبائل فون ضبط کر لیا گیا۔ عدالتِ عالیہ نے لاہور سے آئے ہوئے مذکورہ شخص کو 5 ہزار روپے جرمانہ ایدھی سینٹر میں جمع کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کورٹ اسٹاف کو 5 ہزار روپے ایدھی سینٹر میں جمع کرانے کی رسید دکھا کر موبائل فون لے لیں۔اس سے قبل مریم نواز اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچیں، اس موقع پر عدالت میں اوراس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے تھے اور کمرہ عدالت کے باہر رینجرز تعینات کی گئی تھی۔