اسلام آباد (ںیوز ڈیسک)قومی اسمبلی کے اجلاس میں پھر گرما گرمی دیکھنے میں آرہی ہے ، آج کے اجلاس میں وفاقی وزیر زرتاج گل کی تقریر کے اپوزیشن ارکان نے خلل ڈالنے کی کوشش کی جس پر وفاقی وزیر نے بھی کرارا جواب دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق زرتاج گل نے قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران جونہی ماحولیات پر اظہار خیال کیا اورپاکستانی اقدامات کی عالمی سطح پر تعریف کا تذکرہ چھیڑا تو اپوزیشن کی جانب سے ان کی تقریر میں خلل ڈالنے کی کوشش کی گئی۔
جس پر زرتاج گل نے کہا کہ آپ اپنی فضولیات پر توجہ دیں ، ہم اپنی ماحولیات پر توجہ دیں گے ۔ زرتاج گل نے کہا کہ ماضی میں جنگلات کی زمین پر قربضہ کیا گیا اور ٹمبر مافیا کو تحفظ دیا گیا۔ زرتاج گل نے قائم مقام سپیکر سے مخاطب ہو کر کہا کہ سر میں صرف آپ کو سنانا چاہتی ہوں اور یہ کہہ کر انہوں نے اپوزیشن کو نظر انداز کرتے ہوئے تقریر جاری رکھی۔ وفاقی وزیر ماحولیات زرتاج گل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خا ن کی لیڈر شپ میں سر اٹھاکر جینے کا وقت آگیا ہے، مجھے اپنے قائد پر فخر ہے جنہوں نے امریکی ڈرون حملوں کی مذمت کی، میں نے ایسے بھی وزیرا عظم دیکھیں ہیں جو امریکی سفیروں کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑے رہتے تھے کہ انہیں ملاقات کا وقت مل جائے، مگر عمرا ن خان واحد ایسا حکمرا ن آیا ہے جس نے برابری کی سطح پر تعلق رکھنے کی بات کی، امریکی سی آئی اے کے چیف نے جب وزیرا عظم سے ملنے کا کہا تو عمرا ن خان کا کہنا تھا کہ اپنے عہدے کے برابر افسر سے ملو میں سربراہ مملکت ہوں اور صرف سربراہان سے ملاقات کروں گا۔
دنیا میں پاکستان کے پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔زرتاج گل کا کہنا تھا کہ اس ملک کا اہم ایشو پرائی جنگ ہے، کوئی کہتا ہے کہ اس ملک کے لئے اس کے نانا نے قربانی دی یا اس کی ماں نے قربانی دی اور کوئی کہتا ہے کہ ملک کے لئے اس کے دادانے قربانی دی، پرائی جنگ میں ہم سب نے اپنے پیاروں کو گنوایا ہے ، پرائی جنگ میں ہی میر اجوان بھائی شہید ہوا، اس پرائی جنگ میں ملک کی خاطرپاکستان کے 83ہزار ہم وطنوں نے اپنی جان دی ہے۔ کوئی اکیلا اس ملک کے لئے دی جانے والی قربانیوں کا کریڈٹ نہیں لے سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار کسان کواہمیت دی گئی اور شعبہ زراعت کے لئے بجٹ میں تاریخی رقم مختص کی گئی ہے،کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا،پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ملکوں کی فہرست میں شامل ہے،عمران خا ن آنے والی نسلوں کا سوچ رہے ہیں اس لئے ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے کے لئے بجٹ میں رقم مختص کی گئی ہے،بلین ٹری سونامی منصوبے کو کم عقل لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا، اپوزیشن اپنی فضولیات اور ہم ماحولیات پر توجہ دے رہے ہیں،اس بجٹ میں پاکستانیوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لئے 10ارب ڈالر کی رقم صرف ویکسین کےلئے رکھی گئی ہے۔