اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ’دی کپل شرما شو‘ بھارت کا معروف ترین کامیڈی ٹی وی شو ہے، جس میں میزبان کپل شرما کے ساتھ ساتھی فنکار چندن پربھارکر، بھارتی سنگھ، کیکوشاردا و دیگر مختلف کرداروں میں سٹیج پر جلوہ گر ہوتے اور قہقہے بکھیرتے ہیں۔ یہ لوگ اس شو میں کام کے عوض کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟
اس حوالے سے اب ایسا انکشاف سامنے آ گیا ہے کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ڈی این اے انڈیا کے مطابق ویب سائٹ بالی وڈ لائف ڈاٹ کام نے کپل شرما و دیگر فنکاروں کے معاوضے کے متعلق اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ کپل شرما ایک قسط کا 30سے 35لاکھ بھارتی روپے (تقریباً60لاکھ سے 70لاکھ پاکستانی روپے)معاوضہ لیتے ہیں۔انہوں نے شو کے آئندہ سیزن کے لیے اپنا معاوضہ بڑھا دیا ہے اور اس سیزن میں وہ 50لاکھ بھارتی روپے (تقریباً1کروڑ پاکستانی روپے) فی قسط وصول کریں گے۔شو میں مساج پارلر والی سپنا کا کردار نبھانے والے کرشنا ابھیشک ، جو بالی ووڈ اداکار گوندا کے بھانجے بھی ہیں، 10سے 12لاکھ بھارتی روپے(تقریباً20سے 24لاکھ پاکستانی روپے) فی قسط معاوضہ لیتے ہیں۔ چندن پربھارکر شو میں چائے کا ڈھابہ چلاتے ہیں۔ وہ ایک قسط کے 7لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 14لاکھ پاکستانی روپے) لیتے ہیں۔بھارتی سنگھ کے ’آن سکرین شوہر‘ اور بھینسوں کا باڑہ چلانے والے کیکوشاردا ایک قسط کے 5لاکھ بھارتی روپے (تقریباً10لاکھ پاکستانی روپے) وصول کرتے ہیں۔ کپل شرما کی محبت میں گرفتار سرلا یعنی شمونا شکرورتی کو 6سے7لاکھ بھارتی روپے (تقریباً12سے 14لاکھ پاکستانی روپے)فی قسط معاوضہ ملتا ہے۔ بھارتی سنگھ 10سے 12لاکھ بھارتی روپے (تقریباً20سے 24لاکھ پاکستانی روپے)اور شو کی جج ارچنا پورن سنگھ 10لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 20لاکھ پاکستانی روپے) فی قسط معاوضہ لیتی ہیں۔