اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 591 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 1137742 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 857 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 778238 ہوگئی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وبائی مرض کی صورتحال کا جائزہ لینے اور آئندہ کی لائحہ عمل طے کرنے کے لیے آج قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔این سی سی کا اجلاس بلانے کے فیصلے کا اعلان وزیر اعظم آفس نے عمران خان کی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سے یہاں کووڈ 19 کی صورتحال پر بریفنگ لینے کے بعد کیا۔وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ این سی سی کے اجلاس میں وہ صوبوں کے ساتھ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے درکار ایس او پیز (معیاری آپریٹنگ طریقہ کار) پر عمل درآمد نہ ہونے کا معاملہ اٹھائیں گے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ وہ صوبوں سے کہیں گے کہ وہ موجودہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ مزید پابندیاں عائد کرنے سے بچا جاسکے۔موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد جیسے چھوٹے شہر میں بھی لوگ اس پر سنجیدہ نہیں، دیگر بڑے شہروں کے بارے میں کیا بات کریں۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ این سی سی کے اجلاس میں اس بیماری سے متعلق اعداد و شمار صوبوں کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا، رمضان کے دوران لاک ڈاؤن میں توسیع کے بارے میں غلط رپورٹنگ کر رہا ہے، اس طرح کا کوئی فیصلہ صرف صوبوں کے اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔