حکومت اورکالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ‘ٹی ایل پی نے لاہور میں مرکزی دھرنے سمیت ہر جگہ پر احتجاج ختم کر دیاجبکہ وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان اور اتحادیوں کو بھی کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ معاہدے پر اعتماد میں لیا گیا ہے ۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد طے پایا ہے کہ قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کریں گے اور ٹی ایل پی سارے ملک بشمول مسجد رحمت اللعالمینﷺ سے دھرنا ختم کرے گی اور بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا‘اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ جن لوگوں کے خلاف مقدمات درج ہیں بشمول فورتھ شیڈول کے، ان کا بھی اخراج کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ کامیاب مذاکرات پر مبارکباد پیش کی ہے۔ عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی اور انہیں کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر بریف کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے مذاکرات کی کامیابی پر شیخ رشید کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ نے بہترین کام کیا، معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو گئے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ لوگوں کی باتوں پر نہ جائیں ،اپنا کام جاری رکھیں ۔