اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینئر قانون دان اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ مذہبی جماعت والوں نے جو کیا غلط کیا۔اس کا انہیں احساس ہونا چاہیے، ہم ایک سفیر نکالیں گے وہ 27 سفیر یورپ سے نکال دیں گے۔ امریکہ میں ایک پادری تھا جو گستاخی رسول ہر چار چھ مہینے میں کر دیتا تھا۔
پھر عالم اسلام بالخصوص پاکستان میں ہم لوگ نکل آتے تھے دوسری طرف پادری بیٹھ کر تماشہ دیکھتا تھا اور خوش ہوتا تھا۔ ہمیں اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ ہمیں اس سوچ کو شکست دینی ہے لیکن بہتر حکمت عملی کے ساتھ مذہبی جماعت کو کالعدم قرار دینے سے سوچ پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ ان لوگوں کو سمجھانا ضروری ہے۔اس لئے میں نہیں سمجھتا کہ مذہبی جماعت پر پابندی ہے تو اس سے کوئی بات نہ کی جائے۔فرانس کے سفیر کو اگر بھیج دیں گے تو ہمارے لوگوں کو یقینا بہت دشواری ہو گی۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے این اے 249 کی نشست پر ہونے والے ضنی انتخاب کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں انتخاب ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے الیکشن ملتوی کردئیے جائیں، حلقے میں کورونا کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے، کراچی اور حیدرآباد میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح تین سے 8 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا کہ اس وقت آئی سی یو اور ایچ ڈی یو میں 400 مریض زیر علاج ہیں، ایسے حالات میں کارنر میٹنگ، ریلیاں، جلسے، جلوس سے کیسز بڑھیں گے۔