اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کو پھر سے قریب لانے کے لئے کوششوں کا آغاز کردیا ہے اور اس مقصد کے لئے جہاں پر انہوں نے جہانگیر خان ترین سے رابطہ کیا ہے تو دوسری جانب وہ وزیراعظم عمران خان سے بھی رابطہ کررہے ہیں تاکہ دونوں کی ملاقات کرواکر اختلافات کو دور کر کے دونوں کے مابین صلح کروا دی جائے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر خان ترین جو کہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے اچھے اور قریبی دوستوں میں شمار کئے جاتے ہیں اور شروع سے ہی جہانگیر ترین کے گروپ کے ساتھ ملکر ہی وہ پی ٹی آئی کی سیاست کررہے ہیں وہ ان دنوں جہانگیر ترین سے رابطے کررہے ہیں اور ان کو قائل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں کہ وہ کوئی بھی جارحانہ اقدام نہ اٹھائیں ان کے اور وزیر اعظم کے مابین جو بھی کوئی اختلافات ہیں ان کو جلد ہی دور کر لیا جائے گا،ذرائع کا یہ بھی دعوی ہے کہ جہانگیرترین کی جانب سے آج کل ارکان اسمبلی کو اکھٹا کرکے جو ردعمل دیا جارہا ہے وہ بھی اس مقصد کے لئے کیا جارہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پر دباؤ بڑھایا جا سکے اور جہانگیرترین کو ایسا کرنے کے لئے ان کے انہی پی ٹی آئی کے قریبی اچھے دوستوں نے مشورہ دیا ہے جو آج کل صلح کی کوششوں میں بھی مصروف ہیں،پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے اندر جہانگیرترین کا شروع سے مخالف دھڑا جس کے سر براہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ہیں ان کی کوشش ہے کہ اب کسی بھی قیمت پر جہانگیر ترین کو دوبارہ وزیراعظم کے قریب نہ آنے دیا جائے اور اختلافات کو مزید ہوا دی جا سکے تاکہ دونوں کی دوبارہ صلح نہ ہو سکے،پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق اس وقت پی ٹی آئی کے اندر مخدوم شاہ محمود قریشی کا دھڑا ایک مضبوط دھڑا بن چکا ہے۔