اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں جو ان دنوں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جن کے بارے میں وزیر اعلی پنجاب بننے کی خبریں بھی آتی رہتی ہیں تاہم اُن کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ اُنہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کے لئے رابطہ کیا تھا۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اُنہیں گرین سگنل نہ مل سکا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ عوام نے چوہدری نثار کو ٹھکرا دیا،اب ان کے آرام کا وقت ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ تمام ائیر پورٹس پر اسکرینگ کی سہولیات فراہم کر دی گئیں۔ غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ جس مریض میں علامت ہے اس کو چیک کیا جاتا ہے صورت حال قابو میں ہے، ملتان میں جو مریض رپورٹ ہوئے ان کی تحقیق جاری ہے. وفاقی وزیر کے مطابق ایوی ایشن پالیسی کے مطابق نئی ائیر لائنز آنا چاہ رہی ہیں، گلف، آذربائیجان سمیت لفتھنزا ائیر لائن سے بات چیت جاری ہے، ہم نے اپنی ائیر لائن کو بحال کرنا ہے اسی سال 5 جہاز آ رہے ہیں۔غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ نہ چوہدری نثار آ رہے ہیں نہ میں کہیں جا رہا ہوں، عوام نے انہیں ٹھکرا دیا ہے اب ان کے آرام کا وقت ہے وہ آرام کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نہیں جا رہی یہ سیاسی بیان نہیں اتحادی ہمیں چھوڑ کر نہیں جا رہا ہے، یہ سال 2019 سے بہتر سال ہوگا،سیاسی ومعاشی بہتری آئے گی۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں یہ روایت موجود ہے کھل کر ہر ایشو پر بات کی جاتی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو پڑھناچاہئیے تھا، جنہوں نے اعتراض اٹھایا وہ رپورٹ تو پڑھ لیتے۔