اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ڈسکہ الیکشن میں قبل ازیں ہونے والے ضمنی الیکشن کو تو الیکش کمیشن آف پاکستان نے کالعدم قرار دے دیا تھا تاہم آج جو الیکشن ہوا ہے اس میں سیکورٹی کے زبردست انتظامات کئے گئے تھے۔ جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اب تک دیہی علاقوں سے زیادہ نتائج موصول نہیں ہوئے۔
جیسے ہی دیہی علاقوں سے نتائج موصول ہونا شروع ہوں گے تو علی اسجد ملہی کو برتری حاصل ہو جائے گی۔۔ این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن، حلقے کے شہری علاقوں کے نتائج میں ن لیگ نے برتری حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے حلقہ این اے 75 میں دوبارہ ضمنی الیکشن کے انعقاد کے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ حلقے کی دونوں بڑی جماعتوں تحریک انصاف اور ن لیگ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کی حلقے کے شہری علاقے جبکہ تحریک انصاف کو دیہی علاقے میں پوزیشن مضبوط ہے۔ تاہم حلقے کے دیہی علاقوں میں ووٹنگ ٹرن آوٹ شہری علاقے کے مقابلے میں کافی زیادہ رہا، جبکہ اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں اکثریتی پولنگ اسٹیشنز شہری علاقے کے ہیں، اسی باعث آخری اطلاعات تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں ن لیگ کو برتری حاصل ہے۔ آخری اطلاعات تک 193 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں ن لیگ کی نوشین افتخار 60 ہزار سے زائد جبکہ تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 45 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر چکے۔ واضح رہے قومی اسمبلی کے حلقہ 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل ہوا، پولنگ صبح 8 بجے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ ضمنی انتخاب کے معرکے میں پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتخار کے درمیان مقابلے میں عوام نے ووٹ کاسٹ کیے۔