انا للہ وانا الیہ راجعون! وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہر وقت ساتھ رہنے والی شخصیت انتقال کر گئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار974نئے کیسز سامنے آگئے ، جب کہ ایک دن میں مزید 98 افراد جان کی بازی ہار گئے ، مثبت کیسزکی شرح9.93 فیصد ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق عالمی وباء کورونا وائرس سے پاکستان میں مجموعی اموات کی تعداد 14 ہزار532 ہوچکی ہے ۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے پروٹوکول افسر کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کے پروٹوکول آفیسر حامد رضا کورونا وائرس میں مبتلاء تھے اور پی کے ایل آئی میں ان کا علاج جاری تھا جہاں ان کے گردوں نے کام کرنا چھوڑ دیا اور وہ انتقال کر گئے۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پروٹوکول افسر حامد رضا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہارتعزیت کیا ، انہوں نے کہا کہ حامد رضا ایک محنتی ، فرض شناس اورپروفیشنل افسر تھے ، مرحوم نے ہمیشہ دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دیے ، دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔دوسری طرف کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ72 ہزار931 ہو گئی جہاں اس وقت ملک بھرمیں فعال کیسز کی تعداد 50 ہزار397 ہوچکی ہے۔بتایا گیا ہے کہ کورونا سے سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں اب تک 6 ہزار427 افراد کا انتقال ہوچکا ہے جب کہ صوبہ سندھ میں 4 ہزار502 ، صوبہ خیبر پختونخوا میں 2 ہزار363 ، صوبہ بلوچستان میں 208 ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 572 ، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 355 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

Leave a Comment