اسلام آباد(نیوز ڈیسک) راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔آزاد کشمیر کے شمال اور وسطی اضلاع میں دوسرے روز بھی بارش ہوئی جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ میں جیکب آباد اور لاڑکانہ میں بھی بادل برسے۔
کوئٹہ میں بھی بارش ہوئی جس کے ساتھ ہی بجلی غائب ہوگئی جبکہ بارشوں کے باعث ملک کے متعدد حصوں میں خنکی پھر لوٹ آئی ہے۔اُدھر اپر کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگئی۔محکمہ زراعت نے بارش کے باعث گندم کی فصل کو نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیوں کہ ژالہ باری سے گندم کی فصل لیٹ گئی ہے جس کی وجہ سے گندم کی پیداوار ہدف سے کافی کم ہونے کی توقع ہے اگر ایسا ہوتا ہے تو گندم کی قیمت ایک بار پھر غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جتنا انتقام ہونا تھا ہوگیا ، جتنا برداشت کرنا تھا کر لیا ، انتقام سہہ کر برداشت کرکے ان کو ایکسپوز کیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب میں طلبی ایک سیاسی مقدمہ پر ہے جو انتقام پر مبنی ہے ، نیب کو نیب کے علاوہ سب چلا رہے ہیں ، میں نے فیصلہ کیا تھا کہ ان کے انتقام کوروکنا ہے اور مقابلہ کرنا ہے ، کیوں کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں ، رواداری کی سیاست اور تعلقات کو نبھانا اچھی طرح سے جانتی ہوں۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی حکومت اب مشکل میں آئی ہے۔