اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کے بعد ان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کورونا مثبت آنے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیاہے تاہم اب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کابھی ٹیسٹ مثبت آ گیاہے اور انہوں نے بھی خود کو آئیسولیٹ کر لیا ہے ۔
یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دو دن قبل ہی وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین لگوائی تھی جس کی ویڈیو بھی ٹویٹر پر شیئر کی گئی تاہم اسد عمرکا کہناہے کہ وزیراعظم ویکسین لگوانے سے قبل ہی کورونا کا شکار ہوئے ہیں ۔ اس وقت ملک بھر میں 60 سال سے زائد افراد کو ویکسین دی جارہی ہے اور وزیراعظم چونکہ 68 برس کے ہو چکے ہیں اور انہوں نے اپنی باری آنے پر پولی کلینک جا کر پہلی ڈوز لگوائی ۔ اسد عمر کا کہناہے کہ کورونا ویکسین لگوانے سے وائرس کا خطرہ کم ہو جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ صدر مملکت عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے بھی کورونا ویکسین لگوالی ہے ۔دوسری جانب صحافی سلیم صافی نے وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد متاثرہ شہروں میں سخت ترین لاک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم اور حکومتی شخصیات کی ایسی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ سلیم صافی کے مطابق جس ملک میں وزیراعظم، وزرا، وزرائےاعلیٰ اورسپیکر اپنی حکومت کے بنائے ہوئے کورونا ایس اوپیز کی ایسی تیسی کررہےہوں،اس میں عوام سےایس اوپیز پرعمل کی توقع کرنابےوقوفی کےسواکچھ نہیں۔