اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سیاسی خود غرضی کی بدترین مثال ،جہاں لوگ اکٹھے ہوتے ہیں یہ پوائنٹ سکورنگ کیلئے پہنچ جاتے ہیں،حکومت کی مشکلات کی ذمہ دار پیپلز پارٹی، (ن) لیگ ہے، تیس سالوں کی غلطیوں کو تیس ماہ میں ٹھیک نہیں کرسکتے۔
مشکلات بہت زیادہ ہیں جذبے سے حل میں لگے ہوئے ہیں،وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ جلد حل کرنے کی ہدایت کی ہے،صحافت کے ذریعے ملکی مفادات کا تحفظ عظیم فریضہ ہے،حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے،جلد صحت انصاف کارڈ فراہم کیا جائیگا ۔وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے یہ بات نیشنل پریس کلب میں دیر بالا پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ دیر بالا پریس کلب کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ اسلام آباد آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیر بالاپریس کلب کا نیشنل پریس کلب کے ساتھ قریبی رابطہ اچھی بات ہے ، اس سے پیشہ وارانہ صلاحتیں بہتر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کے ذریعے ملکی مفادات کا تحفظ ایک عظیم فریضہ ہے،صحافی اپنے مقامی، علاقے مسائل کو اجاگرکرنے کے ساتھ ساتھ ملکی مفاد کے بیانئے کی ترویج کیلئے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے دور دراز علاقوں کے صحافیوں کو درپیش مسائل کا ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے،حکومت جلد صحافیوں کو بھی صحت انصاف کارڈ فراہم کرے گی۔