اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پہلے آپ کو بتاتے چلیں کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن کی جماعت مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والا ایک سینیٹر کھلم کھلا حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کو ووٹ دینے کا کہہ رہا ہے۔ ایک انٹرویومیں شفقت محمود نے کہا کہ صادق سنجرانی کامیاب سینیٹ چیئرمین ہیں۔
انھوں نے مراسم بنائے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان سینیٹ کے ممبر ہوتے تو ان سے بھی ووٹ مانگتے۔ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی نومنتخب سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن اراکین کی اکثریت کو دیکھ کر عمران خان کو شکست تسلیم کرلینا چاہیے۔سینیٹر شیری رحمان کی جانب سے پی پی پی سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی ۔ آزاد سینیٹر شمیم آفریدی نے عشائیے میں باضابطہ طور پر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی میں سینیٹر شمیم آفریدی نے شمولیتی دستاویزات پر دستخط کئے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر شمیم آفریدی کو پاکستان پیپلزپارٹی کا روایتی مفلر بھی پہنایا۔عشائیے میں سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، فیصل کریم کنڈی، نوید قمر، لطیف کھوسہ، ہمایوں خان، سعید غنی، امجد آفریدی ودیگر نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر شیری رحمان کا کہناتھاکہ سینٹرز کی عشائیے میں بھرپور شرکت ایوان بالا میں عددی اکثریت کا بھی اظہار ہے۔ سینیٹ میں اپوزیشن اراکین کی اکثریت کو دیکھ کر عمران خان کو شکست تسلیم کرلینا چاہیے۔