اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف وزیراعظم ہاؤس کا اعلیٰ بیوروکریٹ سلطانی گواہ بننے کیلئے تیارہو گیا ہے، اگر اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی اور تحریک انصاف کی حکومت نے پانچ سال پورے نہ کیے تو پھر ایک بیورو کریٹ عمران خان کے خلاف سلطانی گواہ بن جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کی حکومت پانچ سال پورے کرے تو اچھی بات ہے لیکن اگر اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی اور حکومت پانچ سال پورے نہ کرسکی۔ ایسے میں وزیراعظم عمران خان کیخلاف وزیراعظم ہاؤس کا اعلیٰ ترین بیوروکریٹ سلطانی گواہ بن جائے گا۔ عمران خان کو اس بیوروکریٹ کا پتا بھی ہے۔مزید بتایا کہ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازکو پنجاب کے اعلیٰ سرکاری افسران نے تین اہم کاموں میں کرپشن کی فائلیں پہنچائی ہیں، فائلوں میں موجودہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی غیرقانونی طور پر ہونے والے کاموں اورکرپشن کی دستاویز ہیں۔ بیوروکریسی اقتدار کا رخ تبدیل ہوتے دیکھ رہی ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں انتظامی طور بڑی تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا ہے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں پنجاب میں وزراء اور انتظامی افسران کی کارکردگی پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے پنجاب میں انتظامی طور بڑی تبدیلیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اہم پوسٹوں پر انتظامی تبدیلیاں کارکردگی کی بنیاد پر کی جائیں گی، تبدیلیوں کا مقصد گڈگورننس کو بہتر بنانا ہے۔