یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کے ساتھ ووٹ کا سودا کرنے والے ایم این ایز کے نام سامنے آگئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) خیال رہے کہ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ پی ٹی آئی ایم این اے سے سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ کا سودا کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علی حیدر گیلانی پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بھی بتا رہے ہیں۔

جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان اظہر مشوانی کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کے ساتھ ووٹ کی ڈیل کرنے والے ایم این ایز کا تعلق کراچی سے ہے۔ اظہر مشوانی نے ووٹوں کے لین دین اور انہیں ضائع کرنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس ویڈیو میں آپ واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)  کے سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کا بیٹا  کم از کم چار ایم این ایز  کو سینیٹ انتخابات کے لیے خرید رہا ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں اظہر مشوانی نے کہا ’ بظاہر گیلانی کے ساتھ ویڈیو میں کراچی کے 2 ایم این ایز فہیم خان اور کیپٹن جمیل ہیں۔‘ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی  شہباز گل نے کہا ہے کہ  یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی جانب سے اراکین اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنےکے طریقے بتانے  کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن کو یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دینا چاہیے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ہم کچھ دیر میں الیکشن کمیشن کے دفتر جائیں گے اور اپنے مطالبات الیکشن کمیشن کے سامنے رکھیں گے۔ سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن میں  جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا حکم دیا، مگر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس میں بہت زیادہ وقت لگے گا۔

Leave a Comment