اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قرآن پاک میں ہے کہ ہر ذی روح نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے جو اس دنیا میں آیا ہے اُسے واپس بھی جانا ہے آج ایم کیو ایم کے لئے ایک افسوس ناک خبر آئی ہے ایم کیو ایم رہنما محمد انور انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے بڑے رہنما لندن میں انتقال کر گئے ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما محمد انور کے انتقال کی خاندانی ذرائع نے بھی تصدیق کر دی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنما محمد انور گذشتہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ محمد انور گذشتہ چار ماہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، آج صبح 3 بج کر 45 منٹ پر لندن کے رائل فری اسپتال میں محمد انور انتقال کر گئے۔ ان کے سوگواران میں تین بچے اور ایک بیوہ شامل ہیں۔ خیال رہے کہ محمد انور کا شمار ایم کیو ایم کے سینئیر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ انہیں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کا سب سے با اعتماد ساتھی ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔ محمد انور کو 2015ء میں اس وقت ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں رکنیت سے سبکدوش کردیا تھا اور کہا تھا کہ محمد انور کچھ عرصے نہ صرف علیل ہیں بلکہ بیماری کے باعث ان کی یاد داشت بھی بُری طرح متاثر ہوئی ہے لہٰذا محمد انور اب تنطیمی کاموں میں ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کررہے جس کے باعث انہیں رکنیت سے سبکدوش کرکے آرام کا موقع دیا جارہا ہے۔محمد انور پر ایم کیوایم کے رہنما عمران فاروق کے قتل کی سازش کا بھی الزام تھا اور ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے۔