اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ایک جانب تو پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کو قومی اسمبلی کا رکن ہونے کے باوجود سینیٹر بنایا جا رہا ہے۔
جبکہ وفاقی وزیرخزانہ حفیظ شیخ اورچیئرپرسن احساس پروگرام ثانیہ نشتر نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔ نجی ٹی وی 24 نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان ، حفیظ شیخ اور ثانیہ نشتر کوسینیٹ میں لانے کا فیصلہ کر چکے ہیں اوردونوں کو سینٹ میں لانے کیلئے پارٹی ٹکٹس بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ جس پر حفیظ شیخ اور ثانیہ نشتر بھی وزیراعظم عمران خان کے کارواں کا حصہ بن گئے،دونوں نے باقاعدہ پی ٹی آئی کو جوائن کرلیا ہے ۔واضح رہے کہ اس وقت دونوں شخصیات مختلف عہدوں پر حکومت کیساتھ کام کر رہی ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ناراض اراکین اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کر دی ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال ،سینیٹ انتخابات اور پارٹی امور پر بھی بات چیت ہوئی ۔ وزیرا عظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ سینیٹ انتخابات سے قبل ناراض اراکین اسمبلی کے تحفظات دور کر کے انہیں منایا جائے ، اپوزیشن کو ناراض اراکین سے فائدہ نہ اٹھانے دیا جائے ۔