اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت کے ملازمین کی تنخواہوں میں بڑے اضافے کا عندیہ دے دیا گیا، تنخواہوں کے بجٹ کے حجم میں 40 ارب سے زیادہ کا اضافہ ہوگا، حکومت کی جانب سے کل باقاعدہ پریس کانفرنس میں اعلان متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں بجٹ سے قبل ہی خوشخبری سنانے کا عندیہ دیا ہے۔
جس کے تحت وفاقی ملازمین کی تنخواہوں کے بجٹ کے حجم میں چالیس ارب سے زیادہ کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔اس حوالے سے کل باقاعدہ پریس کانفرنس میں اعلان متوقع ہے۔واضح رہے 05 فروری کو وزیردفاع پرویز خٹک کی زیرصدارت ایمپلائز گرینڈ الائنس کی تنخواہ اور مراعات سے متعلق اجلاس ہوا تھا، جس میں آل پاکستان ایمپلائز گرینڈ الائنس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات بڑھانے سے متعلق مذاکرات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر وزیردفاع پرویز خٹک نے ملازمین کو یقین دہانی کروائی تھی کہ ملک معاشی ترقی کررہا ہے، وسائل میں اضافہ ہورہا ہے، حکومت ملازمین کی فلاح پر یقین رکھتی ہے تمام سہولتیں دیں گے۔ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ضرور کریں گے۔ پےاینڈ پنشن کمیشن سرکاری ملازمین کی تنخواہ کیلئے قائم کیا ہے، ملازمین کو ملکی وسائل کے تناسب سے دیگر مراعات بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں کا خاص خیال رکھیں گے، تنخواہوں میں تضادات ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب ملک بھر کے سرکاری ملازمین تنظیموں 10 فروری کو بروز بدھ کو دوبارہ احتجاجی دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے مطالبات فی الفورتسلیم کئے جائیں۔