اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کو حکومت میں آئے تین سال کا عرصہ مکمل ہو گیا ہے اور آہستہ آہستہ ملکی معاشی حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان تحریک انصاف کا گراف اوپر جانے لگا ہے۔ نامور خاتون سیاستدا ن عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شامل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سینئر رہنماء پاکستان تحریک انصاف واجد بخاری کی قیادت میں گلگت بلتستان کی معروف سیاسی شخصیت فوزیہ سلیم عباس کی چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات کی، ملاقات میں فوزیہ سلیم عباس نے پاکستان تحریک انصاف کے منشور پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے فوزیہ سلیم عباس کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور پارٹی مفلر پہنایا۔ اس موقع پر فوزیہ سلیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عمران خان کی صورت میں ایک ہیرہ ملا ہے جو جلد پاکستان کا نام پوری دُنیا میں روشن کر دے گا، عمران خان کی انتھک محنتوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ، یہ عمران خان ہی ہیں جو بنا کسی دباؤ کے ملک میں احتساب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آٹا، چینی، دال کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے ہر قدم اٹھایا جائے۔عمران خان کی زیر صدارت ترجیحاتی شعبوں کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا جس میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور اعلی افسران نے شرکت کی۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔